یگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت” آئی سی سی” نے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں قابض یہودی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی تحقیقات سے انکار کر دیا ہے۔
عالمی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹرجنرل کے دفترسے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے فی الحال اسرائیلی فوجیوں کے جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے بارے میں جاری تحقیقات روک دی گئی ہیں اور اس بارے میں اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی صورت حال کے بارے میں فیصلے کا انتظار ہے۔
"آئی سی سی” کی ویب سائیٹ پر شائع بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے فی الحال معاملہ اقوام متحدہ کے متعلقہ شعبے کو سپرد کیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا فلسطین کو ایک ملک کی حیثیت حاصل ہے یا نہیں۔ اگرفلسطین کو ایک ریاست کا درجہ حاصل ہے تو اسے آئی سی سی کے قواعد وضوابط اور منشور کے تحت اس کے معاہدوں میں فلسطین کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ اس صورت میں فلسطین عالمی عدالت انصاف جنگی جرائم کے بارے میں فلسطینیوں کی کسی بھی درخواست پرغور کر سکتی ہے۔
خیال رہے کہ جنوری 2009ء میں فلسطینیوں کی جانب سے آئی سی سی کو ایک درخواست دی گئی تھی جس میں مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے جنگی جرائم کا ذکر تھا اور ان کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
یادرہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے 22جنوری 2009ء کو عالمی فوجداری عدالت میں معاہدہ روم کی دفعہ بارہ کی شق تین کے تحت ایک اعلامیہ پیش کیا تھا۔ اس دفعہ کے تحت آئی سی سی کے قیام کے لیے روم معاہدے پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کو بھی عدالت کے دائرہ کار کو تسلیم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
فلسطینی اتھارٹی نے عدالت کے دائرہ کار کو تسلیم کرتے ہوئے فلسطینی علاقوں میں یکم جولائی 2002ء کے بعد اسرائیلی فوج نے جن جنگی جرائم کا ارتکاب کیا تھا، ان کے مرتکبین اور ان کے شریک ملزموں کے خلاف تحقیقات کی درخواست دی تھی۔
آئی سی سی روم معاہدے پر دستخط کرنے والے ممالک میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی تحقیقات اور ان میں ملوث عہدے داروں اور افراد کے خلاف مقدمات چلانے کی مجاز ہے لیکن اگر کوئی ملک روم معاہدے پر دستخط نہ کرنے کے باوجود اس عالمی عدالت کے دائرہ کار کو تسلیم کر لے تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ ایک اور صورت یہ ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کسی ملک کا معاملہ ہیگ میں قائم اس عدالت کو بھیج دے تو وہ اس کے خلاف تحقیقات کی مجاز ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

