اسرائیلی فوج نے حراست میں رکھے گئے فلسطینی مجلس قانون ساز کے سیکرٹری جنرل اور رکن پارلیمان محمود رمحی کی انتظامی حراست میں چوتھی مرتبہ توسیع کر دی ہے۔
انسانی حقوق کے مندوبین کے مطابق اسرائیل کی عوفرفوجی عدالت نے اتوار کے روز محمود الرمحی کی حراست میں توسیع کے بارے میں مقدمہ کی سماعت کی۔ عدالت نے انتظامیہ کو حکم دیا کہ رمحی کو مزید چار ماہ کے لیے انتظامی تحویل میں رکھا جائے اور انہیں رہا نہ کیا جائے۔
خیال رہے کہ محمود الرمحی کی مدت حراست میں یہ تازہ توسیع ان کی گرفتاری کے بعد چوتھی توسیع ہے۔ امکان ہے کہ پیش آئند چند ایام میں ان کے خلاف عدالت کسی دوسرے جعلی مقدمہ میں بھی انہیں سزا سنائے گی۔
قابض صہیونی فوج نے محمود رمحی کو دس نومبر2010ء کو رام اللہ سے حراست میں لیا تھا۔ ان کی گرفتاری رہائی کے چند ماہ بعد ہی دوبارہ عمل میں لائی گئی تھی۔ سنہ 2009ء میں رہائی سےقبل وہ اڑھائی برس تک اسرائیلی جیل میں قید کاٹ چکےتھے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

