فلسطینی سیاسی جماعتوں کے مابین مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے اور تنظیم آزادی فلسطین”پی ایل او” کے نئے ڈھانچے کے لیے قائم کمیٹی نے "پی ایل او” کے نئے اراکین کی تعداد اور ان کی اندرون اور بیرون ملک ذمہ داریوں کا تعین کرلیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مفاہمتی فالواپ کمیٹی کا اجلاس اردن کی میزبانی میں اتوار کو عمان میں فلسطین نیشنل کونسل کے چیئرمین سلیم الزعنون کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس”، فتح ، اسلامی جہاد اور مختلف دیگرفلسطینی جماعتوں کے مندوبین نے شرکت کی۔ فالو اپ کمیٹی کے اجلاس میں پی ایل او کی نئی قیادت کے چناؤ کے ساتھ ساتھ فلسطین میں انتخابات کے طریقہ اور اس کے شیڈول پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر نیشنل کونسل کے ممبران کی تعداد 350مقرر کی گئی ہے، ان میں 150 اراکین مختلف فلسطینی علاقوں میں کونسل کی ذمہ داری نبھائیں گےجبکہ 200کو بیرون ملک مختلف عرب اور اسلامی ممالک مین ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
اجلاس میں فلسطین نیشنل کونسل اور مجلس قانون ساز کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اورقومی مسائل کے حل کے لیے مشاورت کا میدان مزید وسیع کرنے اور صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے طریقہ کار اور شیڈول پر تفصیل سےبات چیت کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلسطین نیشنل کونسل کی تشکیل کے بعد ایک ساتھ پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کا اعلان کیا جائے گا۔ نئے الیکشن کمیشن کے قیام پر اتفاق کیا گیا ہے تاہم کمیشن کےاراکین کے چناؤ کا عمل اگلے اجلاس میں ہو گا۔ اتوار کے روزعمان میں طے پائے امور پر عمل درآمد کے سلسلے میں ایک تفصیلی رپورٹ قاہرہ میں دو فروری کو ہونے والے کونسل کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ جس کے ایک ہفتے بعد نیشنل کونسل کے اجلاسوں کی باضابطہ کارروائی شروع ہو گی۔

