فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے کہا ہے کہ انہوں نے تنظیم آزادی فلسطین”پی ایل او” کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق رام اللہ میں غیرملکی اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر عباس نے کہا کہ انہوں نے تنظیم آزادی فلسطین کی سربراہی سے سبکدوشی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ اقدام تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹو کمیٹی کو موثر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔صدر محمود عباس نے کہا کہ "تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹو کمیٹی مملکت فلسطین کی حکومت ہے جو اندرون اور بیرون فلسطین پوری قوم کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس اہم ریاستی ادارے کو زیادہ فعال اور منظم بنانے کی ضرورت ہے۔ اس لیے میں نے اور کمیٹی کے نو دیگر ارکان نے اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی فلسطین نیشنل کونسل کا اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ ایک ماہ کے اندر اندر ہم کمیٹی کا اجلاس منعقد کرکے ارکان کا چنائو عمل میں لائیں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سمیت تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نو ارکان نے کمیٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
