مرکزاطلاعات فلسطین نے اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ فلسطین میں یہودی آباد کاروں کی تنظیم”سیٹیلمنٹ موومنٹ” کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی رُکن "ڈانییلا فائز” ہی دراصل وہ خاتون ہے جو "تدفیع الثمن” کی ایک دوسری شاخ ” نحلا” کی سربراہ ہے جو مبینہ طورپر فلسطینی بچوں کے قتل اور فلسطینیوں کی املاک پرحملوں میں ملوث بتائی جاتی ہے۔
اخباری رپورٹس کے مطابق ڈینیلا فائز”آہنی عزم جوانوں کی ماں” کے لقب سے بھی مشہور ہے۔ یہ خاتون اپنی زیرنگرانی تنظیم کے ذریعے اب تک فلسطین میں کئی مساجد کو شہید، چرچوں کو مسمار کرنے، فلسطینیوں کی املاک کو نذرآتش کرنے کے ساتھ ساتھ نہتے فلسطینیوں کے قتل میں بھی ملوث ہے۔ اسی کی سازش اور منصوبہ بندی کے تحت جمعہ کی صبح نابلس میں ایک فلسطینی شہری کے مکان کو آگ لگائی گئی جس کے نتیجے میں ایک شیرخوار علی سعد دوابشہ شہید اور اس کے والدین اور ایک بھائی بری طرح جھلس گئے تھے۔ صرف یہی نہیں بلکہ ایک سال قبل بیت المقدس سے نماز فجر کے وقت ایک فلسطینی لڑکے محمد ابو خضیر کو اغواء کے بعد نہایت بے رحمی کے ساتھ شہید کرنے کے پیچھے بھی اسی خاتون کا ہاتھ تھا۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 7 نے فلسطینیوں کی جان مال پرحملوں کی”ماسٹر” مائینڈ یہودی خاتون "ڈانیلا فائز” کی پروفائلز پرروشنی ڈالی ہے اور بتایا ہے کہ موصوفہ غرب اردن کے قلقیلیہ شہر کے مشرق میں واقع "دومیم” نامی کالونی کی "ھرریہ کیدیم”سڑک کے کنارے رہائش پذیر ہے۔ یہ کوئی معمولی خاتون نہیں بلکہ ایک متمول گھرانے سے تعلق رکھتی ہے اور اس کا شوہر امنون فائز کروڑوں ڈالرز کی جائیداد کا مالک ہے۔ اسرائیلی دارالحکومت "تل ابیب” میں "پیالک” نامی ایک لکژری ریستوران بھی ہے اور یہ لکژری گاڑیوں کی بھی دلدادہ ہے۔ اس کی چار بیٹیاں ہیں جواسکول جاتی ہیں۔
ڈانیلا فائز فلسطینیوں کے خلاف منظم یہودی دہشت گردی کی سب سے بڑی حمایتی ہیں اور غرب اردن میں فلسطینیوں کی اراضی ہتھیانے کے بعد اس پر یہودیوں کے لیے نجی سطح پر مکانات تعمیرکرنے کی پہلی تنظیم اسی نے قائم کی تھی،جسے بعد ازاں رجسٹرڈ کردیا گیا۔
فلسطینیوں کی قاتل صہیونی خاتون اب تک مختلف شدت پسند تنظیموں میں کئی اہم عہدوں پرکام کرچکی ہے۔ جن میں سے اہم ترین "غوش امونیم” نامی تنظیم کی جنرل سیکرٹری، قدونیم یہودی کالونی کی چیئرپرسن اور یہودی آباد کاری اور فلسطینیوں کے قتل عام کی منصوبہ بندی میں ملوث "نحلا” کی چیئرپرسن جیسے عہدے شامل ہیں۔
عبرانی اخبار”یدیعوت احرونوت” کی رپورٹ کے مطابق ڈائنیلا فائز پچھلے 40 سال سے دن رات غرب اردن میں یہودی توسیع پسندی کی سازشوں میں ملوث ہے۔ اس نے 11 سال تک "قدومیم” نامی یہودی کالونی کی چیئرمین کونسل کے عہدوں پرکام کیا اور "گوش ایمونیم” نامی شدت پسند تنظیم کی چار سال قیادت کی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین