مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق وادی فوکین کے مقامی فلسطینی میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین احمد سکرنے میڈیا کو بتایا کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی جانب سے انہیں ایک نوٹس موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فوکین کے مقام پر دو ماہ سے زیرتعمیر فٹ بال اسٹیڈیم کی تعمیر روک دی جائے کیوں یہ گرائونڈ اسرائیل کی ملکیتی اراضی پرتعمیر کیا جا رہا ہے۔
احمد سکر کا کہنا ہے کہ نوٹس میں صہیونی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فٹ بال اسٹیڈیم کی تعمیر فوری طورپر روکنے کے ساتھ اگر اس پر کسی کو اعتراض ہے تو وہ تین ہفتوں کے اندر اندر اسرائیلی عدالت سے رجوع کرے۔
خیال رہے کہ قابض صہیونی فوج اس سے قبل اسی علاقے میں ایک پبلک پارک کی تعمیر پربھی پابندی عاید کرچکے ہیں۔ اسرائیل وادی فوکین کو یہودی توسیع پسندی اور یہودی آباد کاروں کے لیے استعمال میں لانے کی سازش کررہا ہے۔
ادھر بیت لحم میں زعترہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں کے چار مکانات کو فوری طورپر مسمار کرنے کے نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین