مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق برلن میں "اوڈینائور” گرائونڈ میں فلسطینیوں کی حمایت میں نکالے گئے ایک جلوس میں کم سے کم ایک ہزار افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین میں فلسطینی اور عرب کمیونٹی کے علاوہ بڑی تعداد میں مقامی شہری بھی شامل تھے جنہوں نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر صہیونی ریاست کے ہاتھوں فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ برلن میں نکالے گئے جلوس کے شرکاء نے شاہراہ "کورم فورسٹنڈم” کی جانب مارچ بھی کیا اور اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف ظالمانہ پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
مظاہرین کے ہاتھوں میں فلسطین کے علاوہ لبنان، ایران، ترکی اور آذربائیجان کے پرچم بھی تھے۔ اس کے علاوہ کتبوں پر”صہیونی فاشزم مردہ باد”،”فلسطین کو آزاد کرو”، "اسرائیل فلسطینی بچوں کا قتل عام بند کرے” اور غزہ کو آزادی دو” کے نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں جرمنی کے آرتھوڈوکس یہودیوں نے بھی شرکت کی۔
ادھر آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں بھی فلسطینیوں کی حمایت میں "یوم القدس” کے حوالے سے ایک مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سیکڑوں مقامی اور عرب و ایرانی کمیونٹی کے کارکنوں نے شرکت کی۔ ویانا میں ہونے والے مظاہرے میں ریلی کےشرکاء نے محصور علاقے غزہ کی پٹی کا محاصرہ فوری ختم کرنے، فلسطینی اسیران کی رہائی اور جیلوں میں قیدیوں پر تشدد بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
