مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وزارت داخلہ کے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ مشکوک سمت سے آنے والی ای میل اور ایس ایم ایس کا جواب نہ دیں کیونکہ اسرائیل فلسطینی شہریوں سے مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں کے بارے میں معلومات کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ ایسے کسی بھی نمبر پرجواب دینا قوم سے غداری ہو گی۔
ذرائع کے مطابق حال ہی میں اسرائیلی انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے موبائل فون کے نمبروں پر پیغامات اور ای میل کے ذریعے فلسطینی مزاحمت کاروں کے بارے میں معلومات کے حصول کےلیے رابطے کیے گئے ہیں۔ ان میں فلسطینی شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اسرائیلی خفیہ اداروں اور فوج کو حساس معلومات فراہم کرنے کے عوض انعامی رقم بھی وصول کر سکتے ہیں۔
فلسطینی سیکیورٹی حکام نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی خفیہ اداروں کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کے بارے میں فوری طور پر انہیں آگاہ کریں اور خود سے کوئی جواب دینے سے سختی سے گریز کریں۔
