قبلہ اول کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی سب سے بڑی تنظیم”الاقصیٰ فاؤنڈیشن وٹرسٹ” نےناپاک صہیونیوں کی مسجد اقصیٰ پر روزمرہ کی بنیاد پر جاری یلغار پرسخت تنبیہ کی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ مہینے یہودی مسجد اقصیٰ پرغیرمعمولی یلغار کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق تنظیم کے شمالی فلسطین کے شہرام الفحم میں قائم ہیڈ کواٹر سے جاری ایک تازہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی انتہا پسند تنظیمیں یہودیوں کو مسجد اقصیٰ پر حملوں کے لیے ایک غیرمعمولی مہم چلا رہی ہیں۔ پیش آئندہ ماہ ستمبرمیں یہودیوں کے مذہبی تہوار آ رہے ہیں۔ انتہا پسند صہیونی اپنے ان تہواروں کو منانے کے لیے غیرمعمولی طورپر مسجد اقصیٰ میں داخل ہو سکتے ہیں۔ اس مذموم مقصد کے لیے یہودی شدت پسند تنظیمیں نہ صرف تیاری کر رہی ہیں بلکہ بڑےپیمانے پر یہودیوں کومسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے کے لیے منظم کیا جا رہا ہے۔
اس ضمن میں یہودی انتہا پسندوں کے علاوہ سرکاری سطح پر بھی یہودیوں کو مسجد اقصیٰ پر یلغار کے لیے ذرائع ابلاغ کے ذریعے ترغیبات دی جا رہی ہیں۔ اسرائیلی وزراء اور اراکین کنیسٹ بھی اس گھناؤنی سازش میں پیش پیش ہیں اور انتہا پسندوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں مسجد اقصیٰ میں داخلے کی ترغیب دے رہے ہیں۔
اقصٰی فاؤنڈیشن نے فلسطینی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قبلہ اول سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں اور زیادہ سے زیادہ وقت مسجد اقصٰی میں گذارنے کی کوشش کریں تاکہ مقدس مقام کو صہیونیوں مذموم ارادوں اور سازشوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کے بعد کوئی ایک دن بھی ایسا نہیں گذرا جس میں سیکڑوں یہودی اور غیرملکی سیاح مسجد اقصٰی میں داخل نہ ہوتے رہے ہوں۔ گیارہ سے 18 اگست کے دوران 300 یہودی آباد اور اسرائیلی انٹلی جنس کے درجنوں اہلکار مسجد اقصٰی میں داخل ہوکر مقام مقدس کی حرمت پامال کرتے رہے ہیں۔ یہودی آباد کاروں کے اشتعال انگیز اقدامات عالم اسلام کی نظروں کے سامنے ہیں لیکن اس کے باوجود مسلم امہ کی جانب سے دانستہ لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔
اقصیٰ فاؤنڈیشن نے عالم اسلام پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصٰی کو یہودیوں کی جانب سے درپیش خطرات کے انسداد کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر مسلم ممالک نے قبلہ اول کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں تو یہودیوں کو قبلہ اول کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا موقع مل سکتا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
