(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے گذشتہ اک ماہ کے دوران ایک ہزار سے زائد کارروائیاں کی گئی ہیں جو انتہائی تشویشنا ک ہے ان کارروائیوں میں دو صہیونی ہلاک اور 25 زخمی ہوئے۔
غیر قانونی صہیونی ریاست اسرائیل کے معروف اخبار یدیعوت احرنوت کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی سردھڑ کی بازی لگانے کے باوجود صیہونی ریاست فلسطینی مزاحمت کاروں کو روکنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، گذشتہ ماہ مارچ کے دوران مجموعی طور پرفلسطینیوں کی طرف سے 1055 مزاحمتی کارروائیاں کی گئیں، ان کارروائیوں میں فائرنگ کے 143 واقعات بھی شامل ہیں جبکہ مسلح جھڑپوں کی 54 کارروائیاں کی گئیں۔ ان میں زیادہ تر مقبوضہ غرب اردن کے شہر جنین اور نابلس میں ہوئیں۔
مارچ 2023ء کے دوران مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کے خلاف فلسطینی مزاحمت کی نوعیت اور معیار میں اضافہ دیکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پچھلے ماہ فلسطینی مزاحمتی کارروائیوں کےنتیجے میں دو صہیونی ہلاک اور پچیس زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر اسرائیلی فوجی شامل ہیں۔
فلسطین انفارمیشن سیںٹر’معطی‘ کی طرف سے جاری ماہانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارچ کے دوران اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 26 فلسطینی شہری شہید ہوئے۔
نو مارچ کو فلسطینی مزاحمت کار معتز الخواجہ نے تل ابیب کی شاہراہ ڈیزنکوف میں ایک کیفے پرحملہ کرکے پانچ صہیونیوں کو زخمی کردیا۔ ان میں سے ایک زخمی 19 مارچ کو ہلاک ہوگیا۔
10 مارچ کو اسرائیلی فوج نے ایک یہودی آباد کار خاتون کی ہلاکت کا اعتراف کیا۔ یہ خاتون فروری کے آخر میں ایک فلسطینی شہری کی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہوگئی تھی۔
یکم رمضان المبارک کو جنوب مشرقی طولکرم میں عزبہ شوفہ کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی مزاحمت کار امیر ابو خدیجہ کو ایک مکان کے محاصرے کےدوران شہید کیا۔