(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیل بین الاقوامی نااہلی کے باعث فلسطینی عوام کے خلاف اپنی تباہی کی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، اسرائیل فاقہ کشی کی جنگ لڑ رہا ہے اور بھوک سے متاثر افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
مصر کے شہر قاہرہ میں منعقدہ عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی نے کہا کہ تمام تر کوششوں کے باوجود غزہ پر اسرائیلی جارحیت روکنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ اسرائیل بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے آبادی پر دباؤ ڈال رہا ہے تاکہ انہیں بے گھر ہونے پر مجبور کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو بھوک اور بے مثال تباہی سے رفح میں نقل مکانی پر مجبور کیا اور اب رفح کو بھی اپنی بے مثالی جارحیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے فلسطینیوں کی منظم نسل کشی جاری ہے، اسرائیل فاقہ کشی کی جنگ لڑ رہا ہے اور بھوک سے متاثر افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط نے اجلاس میں عالمی برادری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ جب فلسطینی بھوک، بمباری یا اسرائیلی اسنائپرز کے ہاتھوں مارے جارہے ہیں تو انسانیت خاموش کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ ایک پوری قوم کے خلاف مکمل تباہی کی جنگ ہے۔ ان جنگ کے ہتھیار گولیاں، بم اور بھوک ہے۔