(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سات اکتوبر سے غزہ پر زمینی دراندازی میں اب تک فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے صیہونی فوجیوں کی تعداد 217 ہوگئی ہے جبکہ 4000 سے زائد معذور ہوچکےہیں۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج نے آج جمعہ کے روز غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں اپنے مزید دو فوجیوں کی ہلاکت اور 38 کے زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
جاری کردہ بیان میں صیہونی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فوج کو القسام بریگیڈ سمیت دیگر فلسطینی مزاحمت کار قوتوں کا سامنا ہے اور دونوں فریقین کے درمیان پرتشددجھڑپیں جاری ہیں جس میں 2 اسرائیلی فوجی مارے گئے جبکہ 38 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملوں میں زخمی ہونے والے اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہو گئی ہے، جن میں 6 ہزار کے قریب فوجی اور افسران غزہ میں زخمی ہوئے ہیں، ایک اسرائیلی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ غزہ پر جنگ کے آغاز سے اب تک 4000 اسرائیلی فوجی معذور ہو چکے ہیں ، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اگر یہ جنگ جاری رہی تو معذ ور ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد بڑھ کر 30,000 تک پہنچ جائے گی۔