مرکزاطلاعات فلسطین نے اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نتین یاھو کی کابینہ نے بدھ کے روز پیش کیے گئے ایک بل کی منظوری دی جس میں 500 مکانات مشرقی بیت المقدس اور 300 مقبوضہ مغربی کنارے میں تعمیر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ غرب اردن میں مکانات رام اللہ کے مشرق میں قائم”بیت ایل” کالونی میں تعمیر کیے جائیں گے۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل” 0404 ” کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں 500 مکانات تین مختلف کالونیوں میں بنائے جائیں گے۔ ان میں "ریموت” کالونی میں 300 ، "گیلو” میں 70 ، "جبل ابوغنیم” میں 19 جب کہ ایک سو سے زائد مکانات "بسگات زئیو” نامی کالونی میں تعمیر کیے جانے کی منظوری دی گئی ہے۔
اسرائیلی وزیر تعلیم "نفتالی بینٹ نے کابینہ کی جانب سے غرب اردن میں مزید مکانات کی تعمیر کی منظوری کو خوش آئند قراردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ فیصلہ "بیت ایل” کالونی میں یہودیوں کے دو مکانات مسمار کرنے کے عدالتی فیصلہ کا رد عمل ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی سپریم کورٹ نے منگل کے روز "بیت ایل” کالونی میں یہودیوں کےدو مکانات کو غیرقانونی قراردے کران کی فوری مسماری کا حکم دیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
