(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں ایک سرنگ میں پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں کم سے کم آٹھ فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب مشرقی غزہ میں الشجاعیہ کے مقام پر ایک سرنگ اچانک بیٹھ گئی جس میں کام کرنے والے آٹھ فلسطینی مزاحمت کار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال لیا گیا ہے۔غزہ کی پٹی میں محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان میں سے بعض کے درمیانے اور معمولی زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
غزہ وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ آٹھ فلسطینی مزاحمت کاروں کو سرنگ کے حادثے میں زخمی ہونے کے بعد اسپتالوں میں پہنچایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی کے عوام جہاں ایک طرف اسرائیل کی ظالمانہ ناکہ بندی کا شکار ہیں وہیں مصرنے بھی غزہ کےدو ملین لوگوں پرعرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ فلسطینی مزاحمت کار مجبورا اپنی جانوں پر کھیل کرسرنگوں کے ذریعے بیرون ملک سے اشیائے ضروریہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس جان لیوا ذریعے سے اب تک دسیوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔