جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں صہیونی فوج اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں۔ صہیونی فوج کے کریک ڈاؤن میں 7 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں منگل کے روز اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوجیوں نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران گھروں پرچھاپوں میں شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور گھروں میں قیمتی سامان، فرنیچر اور دیگر چیزوں کی توڑپھوڑ کی۔ تلاشی کی آڑ میں قابض فوج نے زیورات اور نقدی لوٹ لی۔اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اُردن میں چھاپوں کے دوران متعدد مطلوب فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان پر اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں پر حملوں کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج نے جنین شہر کے نواحی قصبے بلاطہ میں واقع بلاطہ پناہ گزین کیمپ سے چار فلسطینیوں کو حراست میں لیا۔ جب کہ رام اللہ کے نواح میں الامعری پناہ گزین کیمپ سے تین فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
جنین میں صہیونی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئی ہیں۔ جنین سے صہیونی فوج نے مانیٹرنگ کیمرے توڑ دیے اور گھروں میں موجود قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی۔
رپورٹ کے مطابق قباطیہ پناہ گزین کیمپ میں چھاپوں کے دوران چار فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔ حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی شناخت احمد ناجح صادق کمیل، خالد ولید السحو، انس کمیل اور ولید بلال ابو زید کے ناموں سے کی گئی ہے۔
شہر کے شمالی قصبے ’صباح الخیر‘ میں فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا۔ آنسوگیس کی شیلنگ کی اورلاٹھی چارج کیا۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل ’’0404‘‘ کے مطابق شمالی جنین میں الجلمہ چوکی کےقریب فوج کی ایک گشتی پارٹی پر فائرنگ کی تھی تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ فائرنگ ایک تیز رفتار کار سے کی گئی تھی جو فائرنگ کے بعد بہ حفاظت فرار ہوگئی۔