مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ میں صیہونی آباد کاروں کے دھاوے اور مقدس مقام کی مجرمانہ بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ کل سوموار کو 62 صیہونی آباد کار اور اسرائیلی فوجی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور قبلہ اوّل میں گھس کرنام نہاد مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کے حکام نے بتایا ہے کہ سوموار کے روز دن کے پہلے حصے میں 58 صیہونی آباد کار قبلہ اوّل میں داخل ہوئے جب کہ شام کے اوقات میں بھی صیہونیوں نے قبلہ اوّل کی بے حرمتی کی۔
رپورٹ کے مطابق مسجد اقصیٰ کے دروازوں کے باہر تعینات کی گئی اسرائیلی پولیس نے فلسطینی نمازیوں کے ساتھ بدسلوکی کی اور ان کی شناخت پریڈ کے ساتھ انہیں قبلہ اوّل میں عبادت کے لیے داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کرتے رہے۔ صیہونی فوج کی جانب سے روکنے پر فلسطینی مشتعل ہوگئے۔