(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی وزیر برائے مذہبی امور واوقاف نے بتایا ہے کہ رواں سال حج کے لیے رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ امسال غرب اردن سے 3270 جب کہ غزہ کی پٹی سے 2010 فلسطینی شہری فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزیر مذہبی امور یوسف ادعیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ رواں سال مجموعی طورپر 5300 فلسطینی شہری فریضہ حج ادا کریں گے۔غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ رواں سال فلسطینی حکومت اور سعودی عرب کے وزیرحج کے درمیان ایک پروٹوکول پر دستخط کیے گئے ہیں۔ اس پروٹوکول کے تحت سعودی عرب سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ فلسطینی شہداء کے لواحقین کے لیے خصوصی حج کوٹے کے ساتھ ساتھ مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے کام کرنے والے فلسطینیوں کے لیےکوٹہ مقرر کرے۔ اس حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے منظوری کا انتظار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں فلسطینی وزیر کا کہنا تھا کہ عمومی حالات میں فلسطینی حجاج کا کل کوٹہ 6600 ہے مگر مسجد حرام میں جاری توسیع کاموں کی وجہ سے اس میں 20 فی صد کمی کی گئی ہے۔
فلسطینی عازمین حج وعمرہ کو اردن کے راستے سعودی عرب تک براستہ روڈ پہنچانے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں یوسف ادعیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے اردنی حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں۔ عمان حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ حجاز مقدس فلسطینی عازمین حج کو لے جانے والی بسوں کے ساتھ ایک کے بجائے دو دو ڈرائیور مقرر کریں گے۔ یہ فیصلہ پچھلے ماہ پیش آنے والے ایک حادثے کے بعد کیا گیا ہے جس میں 17 فلسطینی عازم حج سعودی عرب کے قریب ٹریفک کے المناک حادثے میں جام شہادت نوش کرگئے تھے۔
