اسرائیلی پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک سے وابستہ اداروں کے خلاف کی گئی ہے جو بہ قول اس کے صہیونی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر فلاحی کاموں میں سرگرم عمل ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کی تازہ جارحیت کا نشانہ کیو پریس، نصرت القدس والاقصیٰ سپریم کمیٹی، مداد اللبسیخومتر انسٹیٹیوٹ اور ’قدرات‘ کمپنی بنی ہیں۔ مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی پولیس نے مذکورہ فلسطینی اداروں کے دفاترمیں گھس کر عملے کو زدو کوب کیا اور سامان کی توڑپھوڑ کے بعد ریکارڈ اور کمپیوٹر قبضے میں لے لیے گئے جس کے بعد دفاتر کو سیل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ شمالی فلسطینی علاقوں میں فلاحی سرگرمیوں میں سرگرم سب سے منظم جماعت اسلامی تحریک سے وابستہ اداروں کے خلاف اسرائیلی پولیس کا یہ پہلا کریک ڈاؤن نہیں۔ چند ماہ قبل بھی صہیونی پولیس اسلامی تحریک سے وابستگی کے الزام میں 17 فلسطینی تنظیموں کو بند کرچکی ہے۔
