(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں میں گھر گھر تلاشی کی مہمات کے دوران گذشتہ شام اور رات گئے 34 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج اور پولیس نے غرب اردن اور سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی شہروں میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران تیس سے زائد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ صہیونی فوجیوں نے مقبوضہ فلسطینی شہروں عسقلان اور حیفا میں بھی گھر گھر تلاشی لی اور شہریوں کو زد و کوب کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فورسز نے فلسطینیوں کو اجتماعی انداز میں گرفتار کرنے کی نئی مہم شروع کی ہے۔ سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی یہ تازہ مہم ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے سنہ1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے گرفتار کیے گئے بیشتر فلسطینیوں کا تعلق غرب اردن سے ہے جو وہاں پر کام کاج اور محنت مزدوری کے لیے آئے تھے۔