(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے، مقبوضہ بیت المقدس اور غزہ کی پٹی میں جمعہ کے روز اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی مہمات کے دوران کم سے کم 34 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غرب اردن میں اسرائیلی فوج نے تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 14 فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے گئے فلسطینیوں میں سے تین پر اسرائیل کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ صہیونی حکام نے ان فلسطینیوں کو ’’دہشت گردی‘‘ کی سرگرمیوں میں ملوث قرار دیا ہے۔رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کی مخلتف کالونیوں اور پرانے شہر میں اسرائیلی فوج کے چھاپوں کے دوران 15 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ القدس سے حراست میں لیے جانے والے شہریوں کی شناخت عمر الزعانين، عبد الله دعنا، محمد عرفة، عباده نجيب، أحمد الشاويش، محمد أبو فرحة، أحمد الرازم، محمد نجيب، سائد عسيلة، ليث غيث، إبراهيم النتشة، مأمون غيث، محمود الشاويش، محمد البيومي اور مصطفى الهشلمون کے ناموں سے کی گئی ہے۔
ادھر غزہ کی پٹی میں جمعہ کی صبح اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران سمندر میں مچھلیوں کا شکار کرنے والے فلسطینیوں پر حملہ کردیا۔ کارروائی کے دوران کم سے کم پانچ ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ماہی گیروں کی شناخت سائد جمعه بكر، ومحمود سائد بكر، وابراهيم سائد بكر، وياسر ناصر بكر، اور أحمد محمود اللوح کے ناموں سے کی گئی ہے۔ قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کی کشتیاں بھی قبضے میں لے لیں۔
غرب اردن کے شہروں الخلیل، جنین اور بیت لحم میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم 14 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔