یہودی آباد کاری کے خلاف سرگرم الخضر کی عوامی کمیٹی کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا کہ یہودی آباد کاروں کی بڑی تعداد نے قصبے میں انگوروں کے ایک باغ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں سیکڑوں پودے تلف کردیے گئے۔ کمیٹٰی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ الخضر قصبے میں انگوروں کایہ باغ گذشتہ برس عرب آرگنائزیشن برائے ماحولیات کی جانب لگایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ عرب تنظیم برائے ماحولیات کی جانب سے گذشتہ برس فلسطین میں ایک ملین پھل دار پودوں کی ایک مہم شروع کی گئی تھی۔ اس مہم کے سلسلے میں ایک سال میں ایک ملین پھل دار پودے لگائے گئے جبکہ رواں سال مزید پھل دار پودے لگائے جا رہے ہیں۔
مقامی فلسطینی شہری محمد ابراہیم صبیح نے بتایا کہ وہ اس انگوروں کے باغ کی دیکھ بحال کرتا رہا ہے۔ جمعہ کی شام جب وہ باغ میں پہنچا تو باغ میں انگور کے سیکڑوں پودے تلف کیے جا چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یہودی آباد کاروں کے ایک گروپ کو "سید بوعز” نامی یہوید کالونی کی طرف جاتے دیکھا جن کے ہاتھوں میں کلہاڑیاں اور آریاں تھیں۔ یہی یہودی آباد کار اس سے قبل باغ میں انگور کے پودے تلف کرگئے تھے۔
