فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں ہفتے کے روزصہیونی فوج نے فلسطینی احتجاجی مظاہرین پرحملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم تیس افراد زخمی ہوگئےہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہریوں نےاسرائیل کی تعمیر کردہ دیوار فاصل کے خلاف احتجاجی جلوس نکال رکھا تھا اور مظاہرین ریلی کی شکل میں اسرائیلی زیرتسلط اپنے کھیتوں کی جانب بڑھ رہے تھے، کہ صہیونی پولیس اور فوج نے ان پرحملہ کردیا۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایاکہ ہفتے کے روز جنوبی جنین کے یعبد اور”الطرم” قصبے کے شہریوں کی بڑی تعداد نے اسرائیل کی تعمیر کردہ دیوارفاصل کے خلاف جلوس نکالا۔ صہیونی فوجیوں نے مظاہرین کو راستےہی میں روکنے کی کوشش کی اوران پرلاٹھی چارج کیا اوران پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں کم سےکم تیس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اس موقع پرفلسطینی مظاہرین نے دشمن فوج پرسنگ باری بھی کی۔
ذرائع کے مطابق صہیونی فوجیوں کی جانب سے پھینکا گیا آنسوگیس کا ایک شیل پچیس سالہ کامل احمد حرزاللہ کی دائیں ٹانگ پرلگا ہے جس کے نتیجے میں اس کی ٹانگ ضائع ہوگئی۔ اس کے علاوہ دیگرانتیس افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں کئی غیرملکی بھی شامل ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین