مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد پر جمعہ کے روز حق واپسی اور غزہ کی ناکہ بندی کے خلاف احتجاج کرنے والے فلسطینیوں کو گولیاں مار کر تین فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ کو نماز جمعہ کے بعد ہزاروں فلسطینیوں نے غزہ کی مشرقی سرحد پر ’جمعہ انقلاب برائے القدس والاقصیٰ‘ کے عنوان سے ریلیاں نکالیں۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی شہید اور 270 زخمی ہوگئے۔ رفح کے علاقے میں گولیاں لگنے سے 26 سالہ سعدی اکرم معمرنے جام شہادت نوش کیا۔فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں مشرقی البریج کے مقام پر فلسطینی ریلی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 30 سالہ کریم ابو فطایر شہید اور 240 شہری زخمی ہوگئے۔
ادھر مقبوضہ بیت المقدس سے ملنے الی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے فدائی حملے کی کوشش کے الزام میں دو فلسطینیوں کو گولیاں مارکر شہید کردیا۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دو فلسطینیوں نے صیہونی آباد کاروں پر چاقو سے حملے کی کوشش کی جس پر انہیں گولیاں مار کرشہید کردیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے مسجد اقصیٰ میں گھس کر نمازیوں کو زدو کوب کیا اور بعد ازاں مسجد کو نمازیوں کے لیے بند کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ 30 مارچ سے جاری تحریک حق واپسی کے دوران اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 158 ہوچکی ہے جب کہ 18 ہزار فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔