مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شمالی فلسطین کے شہر کفرکنا میں رات گئے مسلسل جھڑپیں جاری رہیں۔ فلسطینی مظاہرین نہتے خیرالدین حمدان کی ظالمانہ شہادت کے خلاف مسلسل احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شہید کےآبائی شہر کفرکنا میں سوار کو علی الصباح شہری ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئے اور صہیونی فوج پر سنگ باری شروع کر دی۔
دوسری جانب قابض فوج نے علاقے میں گھر گھر تلاشی اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی بدستور جاری رکھا ہوا ہے۔ اسرائیل کے عبرانی ٹی وی 7 کے مطابق سنہ 1948ء کے مقبوضہ علاقوں میں چھاپوں کے دوران کم سے کم 29 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ شمالی فلسطین کے شہر کفر کنا میں ہفتے کے روز اسرائیلی پولیس نے ایک 22 سالہ فلسطینی نوجوان خیرالدین حمدان کو گولیاں مار کرشہید کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد مقامی فلسطینی آبادی نے ہڑتالیں اور احتجاجی مظاہرے شروع کر رکھے ہیں۔
اسرائیلی پولیس کی جانب سے فلسطینیوں کو احتجاج سے روکنے کے لیے ہائی الرٹ کیا گیا ہے اور علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ ہے تاہم مشتعل فلسطینی اس کے باوجود سڑکوں پرہیں اور احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔ مقامی فلسطینی شہریوں نے ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کیا، شمالی فلسطین کے کئی شہروں میں آج تیسرے روز بھی پہیہ جام اور شٹرڈاون ہڑتال جاری ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
