بیت لحم (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں دو صیہونی کالونیوں میں مزید سیکڑوں مکانات کی تعمیر کی مںظوری دی ہے۔ یہ مکانات ’ڈینیل‘ اور جنوب مشرقی بیت لحم میں قائم ’کفار الداد‘ کالونیوں میں تعمیر کیے جائیں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیت لحم میں صیہونی آباد کاری کے امور پر نظر رکھنے والے سماجی کارکن حسن بریجیہ نے بتایا کہ صیہونی حکومت نے شہر میں قائم دو کالونیوں میں 270 نئے مکانات کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ ان میں سے 170 مکانات خضر قصبے سے متصل ڈینیل صیہونی کالونی اور 100 مکانات ‘کفار الداد‘ میں تعمیر کیے جائیں گے۔البریجیہ نے بتایا کہ فلسطین میں صیہونی آباد کاری کی پالیسی کے تحت اسرائیلی حکومت نے گذشتہ ماہ الداد کالونی میں 500 گھروں کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے صیہونی آباد کاروں کے لیے مکانات کی تعمیر بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ صیہونی ریاست فلسطین میں غیرقانونی صیہونی آباد کاری کے ذریعے بین الاقوامی انسانی حقوق اور عالمی قونین کی خلاف ورزیوں کی مرتکب ہے۔