اسرائیلی حکومت نے فلسطینی اتھارٹی کے زیر کنٹرول مقبوضہ مغربی کنارے کی کرم ابو سالم گذرگاہ کے راستے 270 مال بردار ٹرک محصور فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں داخل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
مال بردار ٹرکوں کی غزہ روانگی مختلف مراحل میں ہوگی جس کا سلسلہ آج بدھ سے شروع ہوجائے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں گڈز ٹرانسپورٹ کمیٹی کے چیئرمین رائد فتوح نے میڈیا کو بتایا کہ مغربی کنارے کی جانب سے آنے والے ٹرکوں پر تجارتی، زرعی، امدادی سامان اور مواصلاتی آلات لائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ درجنوں ٹرکوں پرغزہ کی پٹی کے مرکزی بجلی گھر کے لیے ڈیزل، قدرتی گیس اور پٹرول بھی لایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے درمیان "کرم ابو سالم” گذرگاہ رابطے کا اہم ترین ذریعہ سمجھی جاتی ہے۔ اس گذرگاہ پر اسرائیلی فوج کا کنٹرول ہے۔ جمعہ اور ہفتہ کے روز یہ گذرگاہ بند رہتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین