(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کےمقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں سوموار کو اسرائیلی فوج کی تلاشی کی کارروائیوں میں کم سے کم 27 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ محروسین میں سابق اسیران اور دیگرشہری شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ سوموار کے روز مغربی کنارے کےمتعدد شہروں میں تلاشی کی کارروائیوں میں مجموعی طورپر ستائیس فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں سلواد شہر سے 13 ، الخلیل سے 6 ، بیت لحم سے 1 ، رام اللہ سے 2 ، نابلس سے 1 ، اور طولکرم اور سلفیت سے دو دو فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق سلواد سے احمد سراج، نعمان صالح حامد، ابراہیم الصالحی، مجد صالح حامد، ابراہیم الناطور، عبدالعزیز حامد، انور شویکیہ، زکریا ادیب حماد، مجد خلاف عیاد، ھیثم خلف عیاد، حسین شخم حامد، اسعد نمر حامد اور عبدالقادر یحییٰ حماد کے ناموں سے شناخت کی گئی ہے۔
نابلس سے ایک سابق اسیر کوحراست میں لے لیا گیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے سابق اسیر محمود الطبوق کی رہائش گاہ کا محاصرہ کیا اور اسے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
طولکرم شہر کے علار قصبے میں صہیونی فوجیوں نے تلاشی کی کارروائیوں میں بائیس سالہ عبادہ شدید اور ایک دوسرے شہری کو حراست میں لے لیا گیا۔
