نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں آج بدھ کو اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم 27 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صہیونی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے شہریوں میں تحریک فتح کی انقلاب کونسل کے ایک رکن بھی شامل ہیں۔اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ غرب اردن اور بیت المقدس سے حراست میں لیے گئے 24 فلسطینی شہری سیکیورٹی اداروں کو یہودی آباد کاروں پر حملوں کی کارروائیوں میں مطلوب تھے۔
عبرانی نیوز پورٹلز کے مطابق غرب اردن کے شمالی شہر طولکرم میں نور شمس پناہ گزین کیمپ سے چا فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ دو شہری شمالی شہر نابلس میں بلاطہ کے مقام سے دو مشرقی شہر قلقیلیہ میں بیت امین سے جب کہ متعدد شہری شمالی شہر سلفیت میں الزاویہ کے مقام سے گرفتار کیے گئے۔
اطلاعات کے مطابق غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں امر الشرایط اور بیت ریما سے تین فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ مغرب ی بیت المقدس میں قطنہ سے دو فلسطینیوں کو جب کہ الخلیل کے دورا قصبے سے بھی ایک فلسطینی شہری کو گرفتار کیا گیا۔
غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں تقوع کے مقام پر گرفتاریوں کے دوران 11 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔
ادھر غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں بلاطہ کے مقام پر تلاشی کے دوران تحریک فتح کی انقلابی کونسل کے رکن طلال دویکات کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پرمنتقل کردیا گیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج کی بھاری تعداد نے سرحان دویکات کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کے بھائی طلال دویکات کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
بلاطہ پناہ گزین کیمپ سے اسرائیلی فوج نے مراد حمیدان ابو شوشہ کو حراست میں لیا گیا۔ طولکرم سے چار فلسطینی شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔طولکرم میں نور شمس پناہ گزین کیمپ میں بھی قابض فوج نے چھاپہ مارا اور متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
 رپورٹ کے مطابق نور شمس مہاجر کیمپ سے چار فلسطینی نوجوانوں مصعب الصباغ، نایف ابو الرب، ابراہیم فیاض اور اسلام جودہ کو حراست میں لیا گیا۔