فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سماجی کارکن اور فلسطینی اسیران اسٹڈی سینٹر کے ترجمان ریاض الاشقر نے بتایا کہ صہیونی فوج نے فلسطین میں ایک سال سے جاری تحریک انتفاضہ القدس کو کچلنے کے لیے سماجی کارکنوں کے خلاف بھی منظم اور وسیع کریک ڈاؤن جاری رکھا، جس میں کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینیوں کو بلا جواز حراست میں لے لیا گیا۔
ایک بیان میں ریاض الاشقر نے کہا کہ صہیونی فوج سوشل میڈیا کی ویب سائیٹس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پراسرائیل کے خلاف مواد شائع کرنے کے الزامات کے تحت نہ صرف فلسطینیوں کو گرفتار کیا جاتا ہے بلکہ انہیں قید اور جرمانوں کی سزائیں بھی سنائی جاتی ہیں۔
ریاض الاشقر نے بتایا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران فیس بک اور ٹوئٹر پرسرگرم 250 فلسطینیوں کو اسرائیل کے خلاف اشتعال پھیلانے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔ بیشتر گرفتاریاں مقبوضہ بیت المقدس سے عمل میں لائی گئیں جب کہ غرب اردن اور شمالی فلسطینی شہروں سے بھی متعدد فلسطینی شہری گرفتار کیے گئے۔
