اسرائیلی فوج کی سب سے بڑی یونٹ کفیر انفنٹری بریگیڈ نے اتوار کو علی الصبح مغربی کنارے کے مختلف شہروں سے ایک وحشیانہ مہم کے دوران 25 فلسطینیوں کو اغوا کرلیا۔
اس یونٹ سے تعلق رکھنے والے فوجیوں نے قدیم نابلس اور الماجن کے مضافات میں دھاوا بول دیا اور متعدد گھروں پر چھاپے مار کر سات فلسطینیوں کو اغوا کرلیا۔
بریگیڈ نے الخلیل کے شمال میں واقع العروب مہاجر کیمپ پر بھی دھاوا بولا اور فلسطینی نوجوانوں کے ساتھ تصادم کے بعد تین نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔
الخلیل کے مغرب میں واقع اذنا قصبے میں بریگیڈ کے فوجیوں نے جیاوی خاندان کے گھر پر دھاوا بولنے کے بعد دو بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔
رام اللہ شہر کے نزدیکی دیہات بلعین اور ابو مشعل سے بھی دو بھائیوں سمیت آٹھ فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پانچ اور فلسطینیوں کو بھی جنین، یروشلم اور بیت لحم کے مختلف علاقوں سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
