الخلیل (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گذشتہ روز وحشیانہ کریک ڈاؤن میں دو درجن فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار فلسطینیوں میں سابق اسیران اور اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے رہنما بھی شامل ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اتوار کو اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں البیرہ کے مقام پر چھاپہ مار کارروائی میں حماس رہنما جمال فرج الطویل کو حراست میں لے لیا۔غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران مجاھد حماد، حمزہ اعمر، احمد ابو کویم اور علاء مرار کو حراست میں لے لیا۔
ادھر الخلیل کے شمال میں واقع العروب پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان چار گھنٹے آنکھ مچولی جاری رہی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں کے ساتھ زور دار آواز پیدا کرنے والے گولے داغے۔ دوسری جانب فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج پر سنگ باری کی۔
الخلیل میں اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران نہ صرف خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا بلکہ گھروں میں لوٹ مار کے دوران نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔