رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں سرکاری سطح پر جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2016ء کے دوران صہیونی فوج کی طرف سے صحافتی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری رہا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وفاء‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاست کے سیکیورٹی ادارے فلسطین میں آزادی صحافت کو کچلنے کی سازشوں میں پیش پیش رہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج اور پولیس نے اپنے منظم جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے صحافیوں اور فلسطین میں صحافتی اداروں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنائے جانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ فلسطینی صحافیوں کو حراست میں لینے، ان پر گولیاں چلانے اور جیلوں میں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا ہر مکروہ حربہ استعمال کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنہ 2016ء کے دوران صہیونی فوج نے فلسطین میں صحافتی حقوق کی 192 خلاف ورزیاں کی ہیں۔ اس دوران ایک 22 سالہ ایاد عمر سجدیہ Â کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔
اس دوران صہیونی فوج نے تشدد کرکے 52 فلسطینی صحافیوں کو زخمی کیا جب کہ صحافیوں کی گرفتاریوں کے 129 واقعات پیش آئے اور 10بار صحافیوں کے کیمرے اور ان کی کوریج کے آلات قبضے میں لیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہوار بنیادوں پر فلسطینی حقوق کی خلاف ورزیوں کے اعدادو شمار کچھ یوں درج کیے گئے۔ جنوری میں 11، فروری میں 12، مارچ میں 15، اپریل میں 16، مئی میں 14، جون میں 12م جولائی میں 19، اگست میں 19، ستمبر میں 26، اکتوبر میں 15، نومبر میں11 اور دسمبر 2016ء میں 22 واقعات رونما ہوئے۔