(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی محکمہ امور اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے سال اسرائیلی فوج کے فلسطینیوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں سات ہزار کے قریب فلسطینیوں کو حراست میں لے کر جیلوں میں ڈالا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2015 ء کے دوران قابض صہیونی فوجیوں نے تلاشی کی کارروائیوں کےدوران 6 ہزار 830 فلسطینیوں کو حراست میں لے کر جیلوں میں ڈالا گیا۔رپورٹ کے مطابق پچھلے پانچ سال میں فلسطینیوں کی گرفتاریوں کے یہ سب سے زیادہ اعدادو شمارہیں۔ حراست میں لیے جانے والے شہریوں میں کم عمر بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔
پچھلے سال گرفتار کیے گئے 60 فی صد اسیران کا تعلق مغربی کنارے سے ہے جن کی کل تعداد 4 ہزار 75 درج کی گئی۔ بیت المقدس فلسطینی اسیران کے حوالے سے 34.5 فی صد کے ساتھ دوسرے نمبر پرہے جہاں سے 2353 فلسطینوں کو حراست میں لیا گیا۔ 232 فلسطینیوں کو ساحلی شہروں سے حراست میں لیا گیا، 170 فلسطینی شہری غزہ کی پٹی اور غرب اردن کے درمیان ایریز گذرگاہ سے حراست میں لیے گئے۔