غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے جمعرات کو سنہ 1948ء کے مقبوضہ شہر بئرسبع پر سنہ 2014ء کے بعد پہلی بار’گراڈ‘ راکٹوں سے حملہ کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعرات کی شام بئر سبع شہر میں کھلی اراضی پر متعدد‘گراڈُ راکٹ گرے۔ راکٹ حملوں کے بعد صیہونی فوج نے خطرے کے سائرن بجائے اور صیہونی آباد کار بیرکوں میں چلے گئے۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں آنے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ سنہ 2014ء کی جنگ کے بعد پہلی بار فلسطینی مزاحمت کاروں نے بئر سبع شہر پر راکٹ حملے کیے ہیں۔ یہ شہر غزہ کی پٹی سے 45 کلو میٹر کی مسافت پر ہے۔
عبرانی ریڈیو نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ فلسطینیوں کا ایک گراڈ راکٹ بئر سبع کے کھلے علاقے میں گر کر پھٹا تاہم اس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ غزہ کی پٹی سے 80 کلو میٹر دور اسرائیل نے راکٹ شکن میزائل سسٹم’آئرن ڈوم‘ نصب کر رکھا ہے۔ مگر اس کے علی الرغم فلسطینیوں کے راکٹ صہیونی اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔