(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )مغربی کنارے میں کار کی ٹکر سے دو غیر قانونی یہودی آباد کار زخمی،اسرائیلی فوج نے مشتعل ہو کر کار ڈرائیور کو فائرنگ کر کے قتل کرڈالا۔
تفصیلات کے مطابق مغربی کنارے میں غیر قانونی آباد صہیونی کالونی غوش عتصمون میں گاڑی کی ٹکر سے دو یہودی آبادکار زخمی ہوگئے۔جن میں اسے ایک 17 سالہ نوجوان اور 20 سالہ لڑکی شامل ہیں۔
نوجوان کے سر میں سنگین نوعیت کی چوٹیں لگنے کی وجہ سے اسکی حالت سنگین ہے جبکہ دوسرے آبادکار کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔ دونوں کو مقبوضہ بیت المقدس میں ھداسا ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے کے فورا بعد موقع پر موجود اسرائیلی فوجیوں نے گاڑی کے ڈرائیور کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ ڈرائیور موقع سے فرار ہونا چاہتا تھا۔
