رپورٹ کے مطابق مشرقی بیت المقدس میں العیساویہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم اس وقت شروع ہوا جب قابض فوجیوں نے العیساویہ قصبے میں داخل ہوکر شہریوں کے گھروں کی تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا۔ اس پر مقامی آبادی مشتعل ہوکر سڑکوں پر نکل آئی اور قابض فوجیوں کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کردی۔ مظاہرین کو منتشر کرنےکے لیے اسرائیلی فوج نے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی، لاٹھی چارج اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 17 فلسطینی زخمی ہوگئے۔
العیساویہ کے ایک مقامی امدادی کارکن فواد عبید نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں 17 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کو موقع پر ہی طبی امداد مہیا کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ آنسوگیس کی شینگ سے دسیوں افراد دم گھٹنے سے بھی متاثر ہوئے ہیں۔
