فلسطین سے بے دخل کیے گئے لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے لیے سرگرم تنظیم ’’ثابت‘‘ کے مطابق ’’اقوام متحدہ کی ورک اینڈ ریلیف ایجنسی برائے فلسطینی مہاجرین‘‘ (UNRWA) نے گزشتہ برس لگ بھگ ایک لاکھ انہتر ہزار رجسٹرڈ مہاجرین کو اپنی فہرستوں سے خارج کردیا جو انتہائی تشویش کی بات ہے۔
تنظیم نے منگل کے روز جاری اپنے بیان میں کہا کہ جنوری 2011ء میں انروا کی فہرست میں میں 496664 افراد کے نام شامل تھے جبکہ جنوری 2012ء میں کم ہوکر یہ نام 4797724 رہ گئے۔ اس طرح انروا کے مطابق فلسطینی پناہ گزینوں کی تعداد ایک سال کے عرصے کے دوران 168940 کم کردی گئی۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے ناموں کی تعداد لبنان میں 19219 کم کی گئی، شام میں 9024 افراد، اردن میں 19886، غزہ میں 211 جبکہ مغربی کنارے میں 19219 افراد فلسطینی پناہ گزینوں کی فہرست سے خارج ہوگئے۔
تنظیم ’’ثابت‘‘ نے اس دلچسپ حقیقت کی جانب توجہ مبذول کروائی کہ سنہ 1949ء میں اپنے قیام سے لیکر اب تک ہر سال انروا کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہا لیکن حیران کن طور پر گزشتہ برس اس تعداد میں بڑی کمی آئی ہے۔
’’ثابت‘‘ نے اتنی بڑی تعداد کو فلسطینی پناہ گزینوں کی فہرست سے خارج کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کے اس عالمی ادارے سے اپیل کہ وہ اپنے اس اقدام کی وجوہات بھی بیان کرے کہ کیسے دیگر ممالک میں آباد فلسطینی پناہ گزین دیکھتے ہی دیکھتے مہاجرین کی فہرست سے خارج ہوگئے۔
تنظیم نے فلسطین بھر کے عوام اور امت مسلمہ سے انروا کے اس حالیہ اقدام پر فوری متحرک ہونے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ بھی کیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

