جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ علاقوں غرب اردن اور بیت المقدس میں قابض صہیونی فورسز کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید 16 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز گھروں میں چھاپوں کے دوران 10 مشتبہ مطلوب فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار دس فلسطینی یہودی آباد کاروں اور فوج پر سنگ باری سمیت دیگر نوعیت کے حملوں میں ملوچ بتائے جاتے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غرب اردن اور بیت المقدس سے گرفتار 8 فلسطینی شہری یہودی فوجیوں کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں برقین کے مقام سے اسلامی جہاد کے ایک رکن، نابلس کے بیتا قصبے سے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے کارکن اور رام اللہ کے نواحی علاقے جلزون پناہ گزین کیمپ سے تین فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔
اس کےعلاوہ غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں الکوم اور سعیر جب کہ بیت لحم کے حوسان قصبے سے دو فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔
نابلس میں بیتا کے مقام پر تلاشی کے دوران صہیونی فوج نے گھروں میں لوٹ مار کی اور دعویٰ کیا کہ فلسطینی شہریوں کے گھروں سے بھاری مقدار میں نقدی اور زیورات قبضے میں لیے گئے ہیں۔
مقبوضہ بیت المقدس میں الطور اور العیساویہ قصبوں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران چا بچوں کو جب کہ جبل مکبر سے دو فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔