اسرائیلی فوج نے مقبوضہ فلسطین میں فلسطین دشمن پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے منگل کو علی الصبح مغربی کنارے کے مختلف علاقوں سے 15 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار شدگان میں سے زیادہ کا تعلق نابلس سے تھا۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے نابلس کے جنوب میں عوریف گائوں پر دھاوا بول دیا اور وہاں سے 9 فلسطینی شہریوں کو ان کے گھروں سے گرفتار کرلیا۔
باقی چھ شہریوں کو نابلس، الخلیل اور جنین کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
اس سے پہلے کے واقعات میں اسرائیلی فوج نے پیر کے روز جنین اور رام اللہ کے درمیان ایک عارضی ناکے پر ایک نوجوان ہائثم ضبایا کو گرفتار کرلیا۔
اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز بھی یطہ کے علاقے زیف میں ایک عارضی ناکے پر الخلیل کے یطہ قصبے سے تعلق رکھنے والے ایک اور نوجوان جواد اوطائری کو حراست میں لے لیا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
