(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج اور پولیس کی کارروائیوں میں پچھلے چند ہفتوں سے جہاں بڑی تعداد میں طلباء اور عام شہریوں کو حراست میں لیا گیا وہاں ایک درجن سے زائد طلباء تنظیموں کے رہنماؤں کو بھی پابند سلاسل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کی مقرب طلباء تنظیم ’اسلامک بلاک‘ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے صہیونی فوجیوں نے غرب اردن سے تنظیم کے 4 رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔ پچھلے چند ہفتوں سے حراست میں لیے گئے طلباء رہنماؤں کی تعداد 15 ہوچکی ہے۔یہ بیان مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں قائم خضوری یونیورسٹی میں کے طلباء کی نمائندہ اسلامک بلاک کی جانب سے جاری کیا گیا جس میں طلباء رہنماؤں کی اندھا دھند گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان گرفتاریوں کو طلباء کے خلاف گھناؤنی سازش قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی فوج ایک سوچے سمجھے اور طے شدہ منصوبے کے تحت فلسطینی طلباء اور ان کی نمائندہ قیات کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے تاکہ طلباء کی تعلیمی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا کی جاسکے۔
