(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فورسز نے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 110 فلسطینی شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ کے نہتے شہریوں پر غاصب صیہونی فورسز کی دہشتگردی جاری ہے ، صیہونی بربریت کے نتیجے میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرگئی ہےجس میں 12 ہزار سے زائد بچے اور 10ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں ۔
اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غزہ میں خان یونس کے النصر اور الامل ہسپتال کو نشانہ بنایا ہےجس کے نتیجے میں متعدد فلسطینیوں کی شہادتیں ہوئیں ، غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس میں واقع النصر میڈیکل کمپلیکس کی بالائی منزلوں پر اسرائیلی ٹینکوں سے گولے برسائے گئے۔
ایک فلسطینی خاتون کو رات کے اوائل میں میڈیکل سنٹر کے سامنے والے گیٹ پر اسرائیلی اسنائپر نے شہید کر دیا جبکہ ہسپتال کے احاطے میں فائرنگ سے دیگر اموات اور زخمیوں کی بھی اطلاع ہے۔
صیہونی فوج نے رفح شہر کے رہائشی علاقوں کوبھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 15 شہری شہید ہوگئے جبکہ درجنوں زخمی ہیں ، اسرائیلی افواج کے بلاتفریق جارحانہ حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 107 فلسطینی شہید اور 150 سے ززئد زخمی ہوچکے ہیں۔