فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف کے حکام نے بتایا ہے کہ بدھ کو 124 صیہونی آباد کار مراکشی دروازے کے راستے قبلہ اوّل میں داخل ہوئے اور حرم قدسی کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔ دن کے دوسرے حصے میں مزید درجنوں صیہونی شرپسند قبلہ اوّل میں داخل ہوئے، اشتعال انگیز حرکات کا ارتکاب کیا اور مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
اطلاعات کے مطابق مسجد اقصیٰ کے دروازوں کے باہر تعینات کی گئی اسرائیلی فولیس نے فلسطینی نمازیوں کے ساتھ بدسلوکی کی اور ان کی شناخت پریڈ کے ساتھ انہیں قبلہ اوّل میں عبادت کے لیے داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کرتے رہے۔ صیہونی فوج کی جانب سے روکنے پر فلسطینی مشتعل ہوگئے اور انہوں نے صیہونی فوج اور پولیس کی غنڈہ گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
خیال رہے کہ اسرائیلی کنیسٹ میں اسرائیل کو یہودیوں کا قومی وطن قرار دینے کے متنازع قانون کی منظوری کے بعد صیہونی آباد کاروں کے قبلہ اوّل پر دھاوؤں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیاہے۔ گذشتہ چار روز کےدوران چھ سو سے زائد جب کہ ایک ہفتے میں ڈیڑھ ہزار سے زائد صیہونی شرپسندوں نے قبلہ اوّل کی بے حرمتی کی۔