فلسطین میں اسرائیل کی غاصبانہ سرگرمیوں اورغیر قانونی توسیع پسندی کے ساتھ فلسطینیوں کی املاک اور اراضی ہتھیانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق قابض اسرائیلی حکومت نے مشرقی بیت القدس میں العیزریہ اورابو دیس میں فلسطینیوں کی 1200 ایکڑ اراضی خالی کرنے کے نوٹسز جاری کیے ہیں۔
ابو دیس دیہی کونسل کے چیئرمین عادل صلاح نے بتایا کہ پیر کی شام صہیونی حکومت کی جانب سے مقامی فلسطینی آبادی کو نوٹس موصول ہوئے ہیں جن میں ابو دیس میں زھرہ القراریط، زہرہ الرغابنہ، اورام الشخلیب، وادی ابو ہندی، الخلائل اور حوض نمبر تین سے ملحقہ الصرارات، المرجہ، القلعہ، زھرہ المراح، سطح العزال، عرقوب المراح اورباطن بشارہ کے مقامات کی 476 ایکڑ اراضی کو خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
مقامی فلسطینی عہدیدار کا کہنا تھا کہ ابو دیس کے علاوہ العیزریہ کے مقام پر386 ایکڑ اراضی ہتھیانے کے لیے بھی نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔ العزیریہ کی اراضی کو شہر میں تعمیرکردہ یہودی کالونی معالیہ ادومیم ، ’’کیدار1 ‘‘ اور ’’کیدار2‘‘ کی توسیع کی غرض سے ہتھیائی جا رہی ہے۔
محمد عادل صلاح نے بتایا کہ صہیونی حکام کی جانب سے اراضی خالی کرنے کے نوٹسز ملنے کے بعد العیزریہ اور ابو دیس کی مقامی کونسل نے ایک ہنگامی اجلاس بھی بلایا جس میں صہیونی حکام کے فیصلے کی مزاحمت کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
