رپورٹ کے مطابق فلسطین کے مغربی کنارے میں 29 مقامات پر مظاہرے ہوئے اور فلسطینی شہریوں کی جانب سے صہیونیوں پر سنگ باری کی گئی۔
مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 26 فلسطینی زخمی ہوئے۔ تین افراد کو آتشیں اسلحہ سے گولیاں ماری گئیں، تین شہری دھاتی گولیوں سے جب کہ 20 افراد آنسوگیس کی شیلنگ سے زخمی ہوئے۔
دوسری جانب فلسطینی مظاہرین کی کارروائیوں میں 12 صہیونی بھی زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں ایک اسرائیلی پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ بیت دجن اور الدھیشہ پناہ گزین کیمپوں کے قریب فلسطینیوں کی سنگ باری سے دو صہیونی فوجی اور 7 یہودی آباد کار زخمی ہوئے۔ مسجد ابراہیمی کے قریب فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں دو صہیونی جب کہ بیت ایل میں ایک اور بیت المقدس میں جبل المکبر میں بھی ایک یہودی زخمی ہوا۔
گذشتہ روز صہیونی فوجیوں نے بیت المقدس میں باب العامود کے مقام سے ایک فلسطینی لڑکی کو حراست میں لینے کےبعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اس پرالزام ہے کہ وہ یہودی آباد کاروں پر چاقو سے حملے کے منصوبہ بندی بنا رہی تھی اور اس کے قبضے سے ایک تیز دھار چاقو بھی برآمد ہوا ہے۔
جمعہ کے روز مجموعی طورپر 29 مقامات پر فلسطینیوں نے احتجاج کیا جن میں بیت المقدس شہر میں 6 ، اس کے مضافات میں ایک، الخلیل میں تین، رام اللہ میں پانچ، بیت لحم میں پانچ، طولکرم میں دو، نابلس میں پانچ اور سلفیت اور قلقیلیہ میں ایک ایک جگہ مظاہرے کئے گئے۔
