(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کےمختلف شہروں میں گھر گھر تلاشی کی تازہ کارروائیوں میں کم سے کم گیارہ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ سوموار کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں عصیرہ کے مقام پر شہریوں کے گھروں میں تلاشی شروع کی۔ تلاشی کی مہم کےدوران خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا گیا۔صہیونی فوجیوں نے عصیرہ میں علی الصبح خذیفہ محمود حمدان کے گھر پر چھاپہ مارا۔ گھر میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور اہل خانہ کو زدوب کوب کرنے کے بعد خذیفہ کو حراست میں لے لیا۔
جنوبی نابلس سے عورتا کے مقام پر تلاشی کے دوران دوسگے بھائیوں موید اور شریف شراب کے گھروں پر چھاپہ مارا اور ان کا لیپ ٹاپ اور خفیہ کیمرہ ان سے قبضے میں لے لیا۔ خیال رہے کہ دونوں بھائیوں کو تین ہفتے قبل حراست میں لے لیا گیا تھا۔
ادھرشمالی شہر جنین کے یعبد قصبے میں اسرائیلی فوج کی تلاشی مہم کے دوران سابق اسیر کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حراست میں لیے گئے سابق اسیر کی شناخت نضال یعقوب انفیعات کے نام سے کی گئی ہے۔ اسے آٹھ ماہ قبل 9 سال مسلسل حراست میں رکھنے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔
بیت لحم میں ایک کارروائی کے دوران بیت جالا کے مقام سے 30 سالہ معتصم ایو جبر کو اس کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔ جبر کی اسرائیلی جیلوں میں کئی سال تک پابند سلاسل رہ چکا ہے۔ اسی علاقے سے ایک دوسرے فلسطینی نوجوان 25 سالہ محمد خلف صباح کو حراست میں لیا گیا۔