قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے پانچ صوبوں میں گھروں پر چھاپہ مار تلاشی مہم کے بعد 11 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
الخلیل کے جنوب میں واقعہ یطہ قصبے میں دیوار فاصل اور یہودی بستیوں کے خلاف قائم عوامی کمیٹی کے معاون راتب الجبور کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے قصبے پر علی الصباء دھاوا بول دیا اور متعدد گھروں کی تلاشی لی۔
انہوں نے کہا کہ فوجیوں نے غالب قریش کے گھر پر دھاوا بولنے اور توڑ پھوڑ کرنے کے بعد ان کے بیٹوں 21 سالہ ایہاب اور 19 سالہ محمد کو حراست میں لے لیا۔
اس کے علاوہ قابض فوج نے بیت لحم سے تعلق رکھنے والے عمر شلش کو تفتیش کی غرض سے بلانے کے بعد ان کو حراست میں لے لیا۔
نابلس کے جنوب میں بیتا گائوں میں قابض اسرائیلی فوج نے آدھی رات کے بعد گشت شروع کیا اور وہاں سے متعدد نوجوانوں کو ماضی میں جھڑپوں کے دوران پتھرائو کرنے کے الزام میں گرفتار کرنے کی کوشش کی۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ فوجیوں نے اپنے چھاپے کے دوران آنسو گیس، روشنی کے گولوں اور اسٹن گرینیڈوں کا استعمال کیا اور تین نوجوانوں کو اغوا کر کے واپس چلے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فوجیوں نے بیتا کو جانے والی سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کردیں اور وہاں سے شہریوں کی آ٘مدورفت کو معطل کردیا۔
دریں اثناء نقب جیل کے محافظوں نے خاتون 54 سالہ ثروت غنیم کو اپنے بھائی سے ملاقات کے دوران گرفتار کرلیا۔ خاتون کا تعلق طولکرم کے شمالی علاقے شوویکا سے بتایا جارہا ہے۔
بشکریہ؛مرکزاطلاعات فلسطین
