نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بچوں سمیت 11 فلسطینی شہری حراست میں لے لیے ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے چار فلسطینی اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کے خلاف مزاحمتی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔ انہیں اور دیگر فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمال مغربی بیت المقدس کے قصبوں قطنہ اور بیت عنان میں دو فلسطینی شریوں کو حراست میں لیا جب کہ غرب اردن کے جنوبی شہر بیت لحم میں بیت فجار کے مقام سے ایک فلسطینی کو گرفتار کیا گیا۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے کہا گیا ہے کہ بیت لحم میں مجدل عوز کالونی کے فوج نے فلسطینیوں کی ایک کار بھی قبضے میں لی ہے اور یہودی آباد کاروں پر سنگ باری کرنے والے فلسطینیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
ادھرقدس پریس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز اسرائیلی فوج نے غرب اردن اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کم سے کم 11 فلسطینیوں کو حراست میں لیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران توڑپھوڑ اور لوٹ مار بھی کی۔
بیت لحم مین تلاشی کے دوران سابق اسیر محمود ابراہیم ثوابتہ اور انس محمد طقاطقہ کو حراست میں لینے کے ساتھ ان کی گاڑی بھی ضبط کرلی گئی ہے۔
صہیونی فوج نے مغربی بیت لحم میں حوسان کے مقام پر تلاشی کے دوران ایک 14 سالہ بچے محمد ابو یابس کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں عسکر کے مقام سے ایاد دویکات نامی نوجوان کو حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج بنے بیت المقدس میں تلاشی کے دوران 18 سالہ احمد ابو صبیح،17 سالہ یوسف ابو الھویٰ، 17 سالہ اشرف ابو جمعہ ،17 سالہ محمود ابو الھویٰ کو الطور کالونی سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
قبل ازیں اسی کالونی سے اسرائیلی فوج نے 16 سالہ فیصل شبانہ کو حراست میں لے لیا تھا۔