مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں ائم صیہونی کالونیوں میں1045 مکانات کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ یہ مکانات ایک ایسے وقت میں تعمیر کیے جا رہے ہیں جب حال ہی میں اسرائیل کی مقامی تعمیراتی کمیٹی نے بیت المقدس میں قائم ’گیلو‘ صیہونی کالونی میں 3000 مکانات کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق عبرانی زبان میں شائع ہونے والے ہفتہ روزہ ’کول ھعیر‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ تعمیراتی کمپنی ’زرفتی شمعون‘ نے گذشتہ ہفتے ’بسغات زئیو‘ صیہونی کالونی میں چار کثیرالمنزلہ پلاوزوں کی تعمیر شروع کی۔ ان پلازون میں 92 رہائشی فلیٹ شامل ہیں۔ یہ پلازے چھ سے آٹھ منزلہ تعمیر کیے جا رہے ہیں۔کمپنی کے ڈپٹی ڈائریکٹر آوی زرفتی نے بتایا کہ شاہراہ 90 اور ریلوے لائن قریب مزید 300 مکانات کی جلد تعمیر شروع کی جائے گی۔
ایک دوسری تعمیراتی کمپنی ’ع اھارون‘ نے گذشتہ ہفتے بسغات زئیو میں البارک پروجیکٹ کا آغاز کیا۔ اس منصوبے میں 65 گھروں کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے علاوہ پبلک پارک، تجارتی مراکز اور ٹرام کا منصوبہ شامل ہے۔
ادھر اسرائیل کی ’ازوریم‘ نامی کمپنی نے موشے عیلیت صیہونی کالونی میں 221 مکانات کی تعمیر جاری رکھی ہوئی ہے۔ پہلے مرحلے میں وہاں پر 91 مکانات کی تعمیر کی گئی ہے۔
اس منصوبے کے تحت 55 دونم پر ایک سیاحتی مرکز اور 16 دونم پر دیگر تعمیراتی منصوبے شروع کیے جائیں گے جن پر سات ملین شیکل کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
’ڈونہ‘ تعمیراتی فرم نے ڈونہ گیلو میں 113 مکانات کی تعمیرجاری رکھی ہوئی ہے۔