اسرائیلی حکام نے مسلسل 104 دن احتجاجی بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدی اکرم الریخاوی کو گزشتہ روز رہا کر دیا۔ اکرم الریخاوی کا تعلق جنوبی غزہ کی پٹی کے رفح شہر سے بتایا جاتا ہے۔
رہائی کے بعد شمالی غزہ کے علاقے بیت حانون میں اسرائیلی سرحدی کراسنگ ‘ایرز’ سے فلسطینی علاقے میں داخلے کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکرم الریخاوی نے بتایا کہ میری رہائی اسرائیلی زندانوں کے لئے چیلنج ہے۔ یہ اللہ کی جانب سے غزہ اور ہماری نصرت ہے۔
الریخاوی نے اسرائیلی جیلوں میں اپنی حراست کے خلاف بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کی تحسین کرتے ہوئے بتایا کہ کئی مہینوں سے بھوک ہڑتال کے باعث ان قیدیوں کی صحت روز بروز بگڑتی جا رہی ہے۔
رہائی پانے والے فلسطینی اسیر الریخاوی کو آج غزہ کے الشفاء ہسپتال طبی معائنے کے لئے لایا جائے گا کیونکہ ایک سو سے زائد دن تک بھوک ہڑتال کی وجہ سے ان کی صحت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
اکرم الریخاوی کو جون دو ہزار چار میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں نو برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
