(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے سرکاری سطح پر جاری کردہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کے خلاف فلسطینی شہریوں کی 100 مزاحمتی کارروائیوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
اسرائیل کے ’’صوت الیہودی‘‘ ریڈیو کی ویب سائیٹ پر پوسٹ کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی شہریوں کی جانب سے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران 100 مزاحمتی کارروائیاں کی گئیں۔ ان میں فائرنگ کی تین کارروائیاں بھی شامل ہیں۔ دیگر کارروائیوں میں پٹرول بموں اور سنگ باری کی کارروائیاں شامل ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے شمالی بیت المقدس میں قلندیا پناہ گزین کیمپ، غرب اردن کے بیت لحم شہر میں ساحور قصبے اور جنین میں قباطیہ کے مقام پر فائرنگ کی گئی۔ جس کے نتیجے میں متعدد یہودی زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے اس سے پچھلے ہفتے کی نسبت فائرنگ کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ گذشتہ سے پیوستہ ہفتے کے دوران فلسطینی شہریوں کی جانب سے قابض صہیونی فوج پر فائرنگ کا ایک واقعہ درج کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں 229 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جب کہ فلسطینی شہریوں کی جانب سے بے سرو سامانی کے باجود انفرادی مزاحمتی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ ان کارروائیوں میں تیس سے زاید غاصب صہیونی ہلاک ہو چکے ہیں۔